204

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عوام شدید پریشان

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 272 روپے فی لیٹر ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 13 روپے اضافے کے بعد 293 روپے فی لیٹر ہوگی جبکہ مٹی کا تیل 2 روپے 56 پیسے مہنگا ہو کر 190 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے اور نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہوگا۔

مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرا دیا گیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے جس سے گزارہ مشکل ہوگیا ہے، غریب آدمی غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک سے پہلے حکومت نے مہنگائی سے پسے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرا دیا ہے جس کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں