25

احمد حیات لک پیپکا کے چیئرمین منتخب، 2026-28 کی مدت کے لیے ذمہ داریاں سنبھالیں گے

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک پاکستان پیٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیز ایسوسی ایشن (پیپکا) کے 2026-28 کی مدت کے لیے چیئرمین منتخب ہوگئے۔

ایسوسی ایشن نے اورلن ایس اے (پی او جی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر آندریج کازورووسکی کو سینئر وائس چیئرمین جبکہ مول پاکستان بی وی کے ریجنل وائس پریذیڈنٹ علی مرتضیٰ عباس کو وائس چیئرمین منتخب کیا ہے۔

پیپکا کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات 28 ستمبر 2026 کو ایسوسی ایشن کے 33ویں سالانہ جنرل اجلاس کے دوران ہوئے تھے، جبکہ نئے عہدیداران کا انتخاب 26 اکتوبر کو ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں عمل میں آیا۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے احمد حیات لک کے انتخاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے او جی ڈی سی کے ملکی تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبے میں مرکزی کردار اور قومی توانائی تحفظ میں اس کی اہم خدمات کو سراہا۔

کمیٹی نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ایسوسی ایشن صنعت کے مشترکہ مفادات کے تحفظ، حکومتی اور ریگولیٹری اداروں کے ساتھ رابطوں میں بہتری اور شعبے کو درپیش پالیسی و عملی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

پیپکا کے سیکریٹری جنرل ابرار خان نے کہا کہ سیکریٹریٹ نئی قیادت اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ساتھ مل کر حکومتی اور ریگولیٹری اداروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور تیل و گیس کے شعبے کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے کام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی توجہ سرمایہ کاری کے فروغ، پائیدار ترقی اور پاکستان کے توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے پر مرکوز رہے گی۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین مسعود نبی، منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی خدمات کو بھی سراہا اور ایسوسی ایشن کو مضبوط بنانے اور حکومتی فورمز پر صنعتی شعبے کے تحفظات اجاگر کرنے میں ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

نئے منتخب عہدیداران نے پیپکا کے پلیٹ فارم سے مشترکہ طور پر کام کرنے اور رکن کمپنیوں کے مفادات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں