188

پنجاب ، کے پی انتخابات ملتوی کیس: سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد:پنجاب ، کے پی میں انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا، جسٹس امین الدین خان نے کیس سننے سے معذرت کر لی۔
سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ جب سماعت کے لیے آیا تو چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں۔

اس موقع جسٹس امین الدین نے کیس سننے سے معذرت کرلی، جسٹس امین نے گزشتہ روز کے فیصلے کے تناظر میں سننے سے معذرت کی۔

جسٹس امین نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سسنے سے معذرت کرتا ہوں۔

جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا۔

جسٹس امین کی جانب سے معذرت کرنے کے بعد عدالت کا لارجر بینچ تحلیل ہوگیا اور اب کیس میں نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری (ازخود نوٹس) کے تمام کیسز ملتوی کرنے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ میں حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے از خود نوٹس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔

خصوصی بینچ میں جسٹس امین الدین اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں اور فیصلہ دو ایک کے تناسب سے جاری کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں