سٹاف رپورٹ
اسلام آباد: شاہ سلمان انسانی امداد و ریلیف مرکز (KSrelief) نے بدھ کے روز شام کے لیے امدادی سامان کا پہلا جہاز روانہ کر دیا۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے طیارے میں خوراک، رہائش، اور طبی امداد کا سامان موجود ہے جو دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا۔
شاہی دربار کے مشیر اور KSrelief کے نگران جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا کہ “آج کا فضائی مشن آنے والے دنوں میں زمینی امدادی پل کے ذریعے جاری رکھا جائے گا۔”

انہوں نے ان کوششوں کو مملکت کی دیرینہ روایت کے تحت برادر اور دوست ممالک کی انسانی مدد کے عزم کا عملی مظاہرہ قرار دیا۔ ڈاکٹر الربیعہ نے 2011 میں شامی بحران کے آغاز سے لے کر اب تک سعودی عرب کی مسلسل مدد اور بین الاقوامی انسانی امداد میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
KSrelief کے ذریعے سعودی عرب نے شامی پناہ گزینوں، اندرون ملک بے گھر افراد، اور فروری 2023 میں شمالی شام میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کے لیے مسلسل امداد فراہم کی ہے۔
2011 سے 2024 کے اختتام تک، شام کے لیے سعودی عرب کی فراہم کردہ مجموعی امداد کی مالیت 85 کروڑ 68 لاکھ 91 ہزار امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔

ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ سعودی عرب کی یہ کوششیں متاثرہ علاقوں میں استحکام لانے اور لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ یہ امدادی مشن مملکت کے عالمی انسانی تعاون کے جذبے کا تسلسل ہے۔

