
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے امور پر اہم جائزہ اجلاس ہوا ۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سولرآئزیشن پالیسی کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے تمام ابہام کو حقائق اور اعدادوشمار کی بنیاد پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ بولے قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔ شمسی توانائی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ پاور سیکٹر میں اصلاحات کی بدولت عوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر احد خان چیمہ اورمشیر محمد علی نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
56

