
85 واں یوم پاکستان ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے صبح کا آغاز ہوا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ اسلام آباد میں ایوان صدر میں یوم پاکستان کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر مملکت آصف زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں غیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ ہوئی، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے پریڈ کا حصہ تھے، آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، قومی پرچم کو سلامی دی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کی آمد پر چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، صدر مملکت آصف زرداری روایتی بگھی میں تقریب میں پہنچے ، بگل بجا کر اعلان کیا گیا، صدر مملکت نے استقبالیہ کمیٹی کے ارکان سے مصافحہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کے سربراہان اسٹیج پر موجود رہے۔یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرکے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا، پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا، جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، جے 10 سی، میراج طیاروں کے ذریعے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کی تقریب کے شرکا کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہیں، لاکھوں قربانیوں کی بدولت پاکستان کاخواب حقیقت میں بدلا، شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔
85

