سٹاف رپورٹ
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع چکوال میں واقع اپنے مکمل ملکیتی اور آپریٹنگ اثاثے راجیان آئل فیلڈ کے کنویں نمبر-5 پر الیکٹریکل سبمرسبل پمپ (ESP) کی کامیاب تنصیب کے بعد تیل و گیس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق، کنویں سے تیل کی یومیہ پیداوار 820 بیرل سے بڑھ کر 3,100 بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گیس کی یومیہ پیداوار 5 لاکھ مکعب فٹ سے بڑھ کر 10 لاکھ مکعب فٹ ہو گئی ہے۔
راجیان آئل فیلڈ، جو پنجاب کے ضلع چکوال میں گوجر خان ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت واقع ہے، اگست 1994 میں دریافت ہوئی تھی اور او جی ڈی سی ایل کے پیداواری پورٹ فولیو کا اہم حصہ ہے۔ اس فیلڈ کے دیگر دو کنوؤں پر پہلے ہی کامیابی سے ESP نصب کیے جا چکے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ راجیان کنویں نمبر-5 کی حالیہ کامیابی کمپنی کی بہترین منصوبہ بندی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا مظہر ہے، جس کا مقصد موجودہ ذخائر سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کی اس کاوش سے ملکی توانائی کے ذخائر کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے اور طویل المدتی پائیداری کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ کمپنی مصنوعی لفٹ سسٹمز جیسے ESP کو اب ان کنوؤں پر بھی استعمال کر رہی ہے جہاں قدرتی طور پر پیداوار ہو رہی ہے، تاکہ عالمی بہترین طریقوں کے مطابق پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور فیلڈ مینجمنٹ حکمت عملیوں کے ذریعے پاکستان کے توانائی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

