چکوال میں مرکز دارالعرفان منارہ میں یومِ پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران حضرت امیر عبدالقدیر اعوان، شیخِ سلسلہ اور سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے قومی پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں آزادی کی اہمیت اور قراردادِ مقاصد کے بنیادی نکات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد و اتفاق سے ہی ممکن ہے۔
حضرت امیر عبدالقدیر اعوان نے اپنے خطاب میں ملکی اداروں کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے تمام قومی اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا اور ترقی کے لیے اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مختلف لسانی اکائیاں، جن میں سندھی، بلوچی، پشتو اور گلگتی زبانیں شامل ہیں، دراصل قومی طاقت ہیں اور ان زبانوں اور ثقافتوں کو یکجا کر کے قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے موجودہ ملکی و عالمی حالات کا بھی ذکر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اتحاد و اتفاق کے ذریعے ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔


