سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پاکستان ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا کو عمرہ کی ادائیگی کے دوران سعودی عرب میں طبی شعبے میں خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پاکستان اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا عمرہ کی سعادت کے لیے سعودی عرب پہنچے جہاں طبی ماہرین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ریاض میں سی پی ایس پی کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر تعظیم حسین، ڈاکٹر راحیل احمد اور ڈاکٹر رضا آمین نے ان سے ملاقات کی اور شعبہ طب میں ان کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔ ان کے اعزاز میں ایک مقامی ہوٹل میں عشائیہ بھی دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر رانجھا نے اپنے کیریئر کے دوران صحت کے شعبے میں اہم عہدوں پر نہایت محنت اور خلوص سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے وفاقی محتسب کے ہیلتھ ایڈوائزر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر فیاض رانجھا نے سی پی ایس پی کے معیار اور وقار کو مزید بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی عرب میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے ایف سی پی ایس کی عالمی سطح پر اہمیت اور درجہ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر شعیب شفیع، ڈاکٹر تعظیم حسین اور کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا کو سی پی ایس پی سعودی عرب کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

