پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں، جو 3 ارب ڈالر کے اعلان کردہ ڈپازٹ پروگرام کا حصہ ہیں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے تصدیق کر دی۔
مرکزی بینک کے مطابق یہ رقم سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے منتقل کی گئی ہے اور یہ اس مالی سہولت کی دوسری قسط ہے۔
اس سے قبل پاکستان کو 15 اپریل کو 2 ارب ڈالر موصول ہو چکے تھے، جس کے بعد سعودی عرب کی جانب سے اعلان کردہ 3 ارب ڈالر کی مکمل رقم پاکستان کو مل گئی ہے۔
ایس بی پی کا کہنا ہے کہ یہ فنڈز پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم کرنے اور بیرونی کھاتوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حال ہی میں کہا تھا کہ سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر کے موجودہ ڈپازٹ کو سالانہ بنیادوں پر رول اوور کرنے کے بجائے تین سال کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جس کی میچورٹی 2028 تک بڑھنے کا امکان ہے۔
ادھر پاکستان نے گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹس 45 کروڑ ڈالر سود کے ساتھ واپس کیے، جبکہ مزید ایک ارب ڈالر کی ادائیگی 23 اپریل کو متوقع ہے۔

