ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 126 ڈالر 27 سینٹس کی کمی سے 4 ہزار 200 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی پڑے، جہاں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 12 ہزار 627 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 42 ہزار 436 روپے پر آگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 11 ہزار 364 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 170 روپے کی سطح پر ٹریڈ ہوا۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا، فی تولہ چاندی 385 روپے کمی سے 6 ہزار 929 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 352 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 893 روپے پر آگئی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی مارکیٹس میں اتار چڑھاؤ کے باعث قیمتی دھاتوں پر دباؤ برقرار ہے جس کے نتیجے میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس سے مارکیٹ میں مسلسل مندی کا رجحان برقرار ہے۔

