41

او جی ڈی سی ایل کا شیل گیس منصوبہ کامیاب ہوا تو روزانہ 800 سے 900 ملین مکعب فٹ گیس پیدا ہوگی

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے پاکستان کے پہلے شیل گیس پائلٹ منصوبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ابتدائی مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جبکہ منصوبے کی کامیاب تجارتی تکمیل کے بعد روزانہ 800 سے 900 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ (ایم ایم ایس سی ایف) شیل گیس پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک کی قیادت میں کمپنی کے وفد نے پاکستان کے پہلے شیل گیس پائلٹ منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

او جی ڈی سی ایل نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان شیل گیس کے نمایاں ذخائر رکھتا ہے اور پائلٹ منصوبے کا مقصد اس مقامی توانائی کے ذریعے کو پائیدار انداز میں بروئے کار لانا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں عمودی ڈرلنگ کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے، جس کے نتیجے میں شیل گیس کی موجودگی اور اس کے حصول کے امکانات کی تصدیق ہوئی ہے۔

بریفنگ کے مطابق منصوبے کے دوسرے مرحلے میں افقی ڈرلنگ اور ہائیڈرولک فریکچرنگ کے ذریعے اس کی تجارتی افادیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس مرحلے کی منصوبہ بندی او جی ڈی سی ایل کے ماہرین نے بیرونی شعبہ جاتی ماہرین کے تعاون سے مکمل کر لی ہے۔

منصوبے کے تحت رگ کی تنصیب ستمبر 2026 میں جبکہ ہائیڈرولک فریکچرنگ دسمبر 2026 میں شروع کی جائے گی۔ آزمائشی کنویں سندھ کے اضلاع حیدرآباد اور سانگھڑ میں کھودے جائیں گے۔

او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ اگر پائلٹ منصوبہ تجارتی لحاظ سے کامیاب ثابت ہوا تو اس کے بعد ترقیاتی مرحلہ شروع کیا جائے گا، جس کے دوران ہر سال تقریباً 60 سے 70 شیل گیس کنویں کھودے جائیں گے تاکہ یومیہ 800 سے 900 ایم ایم ایس سی ایف گیس پیداوار حاصل کی جا سکے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے او جی ڈی سی ایل کے ماہرین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیل گیس کی تجارتی بنیادوں پر کامیاب پیداوار پاکستان کو مقامی وسائل کے ذریعے توانائی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے میں مدد دے گی اور ملک کے توانائی کے منظرنامے میں ایک نئے شعبے کا اضافہ کرے گی۔

انہوں نے او جی ڈی سی ایل کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ملک میں ٹائٹ گیس کی ترقی کے لیے بھی ایک جامع روڈ میپ پیش کیا جائے۔

حکام کے مطابق شیل گیس پائلٹ منصوبہ پاکستان کے غیر روایتی گیس وسائل کو بروئے کار لانے کی جانب ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے، جس کی کامیابی مستقبل میں ملکی گیس پیداوار بڑھانے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں