27

نجکاری کمیشن بورڈ نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کیلئے اے ڈی بی کو مالیاتی مشیر مقرر کر دیا

نجکاری کمیشن بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز معاہدے کی منظوری دے دی، جس کے تحت اے ڈی بی نجکاری کے عمل میں مالیاتی مشیر کے طور پر خدمات انجام دے گا۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے اپنے 255ویں اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی زیر صدارت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ (TASA) پر دستخط کی منظوری دے دی۔

بورڈ نے معاہدے کی شرائط کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسے منظور کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اپنی مہارت اور بین الاقوامی تجربے کی بدولت شفاف، مسابقتی اور تیز رفتار انداز میں اس اہم نجکاری کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرے گا۔

نجکاری کمیشن کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو طویل المدتی رعایتی فریم ورک کے تحت شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے نجی شعبے کے ایک اہل آپریٹر کے سپرد کیا جائے گا، جس سے ہوائی اڈے کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری، مسافروں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی اور ایئرپورٹ کی خدمات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں نجکاری کمیشن بورڈ نے بورڈ کی آڈٹ کمیٹی کی سفارش پر مالی سال 2025-26 سے 2027-28 تک تین سالہ مدت کے لیے بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو نجکاری کمیشن کا بیرونی آڈیٹر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے شفافیت، احتساب اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں