10

مکہ مکرمہ اور مدینہ ریجن پر حوثی حملوں کی او آئی سی کی شدید مذمت

اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مکہ مکرمہ اور مدینہ ریجن پر حوثی گروپ کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور مقدس مقامات و شہریوں کے تحفظ کیلئے مملکت کے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ ریجن پر حملے اور سعودی عرب کے خلاف حوثی گروپ کی مسلسل جارحیت معصوم شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے، مقدس مقامات اور مساجد کی حرمت کی خلاف ورزی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا باعث بن رہی ہے۔

جنرل سیکریٹریٹ نے کہا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری انفراسٹرکچر کے خلاف حوثی گروپ کی کارروائیاں اسلامی اقدار اور بین الاقوامی اصولوں، ضوابط اور قانون کے منافی ہیں۔

او آئی سی نے زور دیا کہ مقدس مقامات کی حرمت کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول یا برداشت نہیں کی جاسکتی اور ایسے عناصر کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات ضروری ہیں جو ان مقدس مقامات کی حرمت پامال کرنے کی کوشش کریں۔

جنرل سیکریٹریٹ نے سعودی عرب کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مقدس مقامات کی حرمت برقرار رکھنے، مسلمانوں کی جانوں کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی و خودمختاری کے دفاع کیلئے سعودی عرب کی جانب سے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کی۔

او آئی سی نے کہا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اصولوں اور قانون سے بھی متصادم ہے۔

تنظیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقدس مقامات کی حرمت کے تحفظ اور ان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی روک تھام کی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں