سٹاف رپورٹ
اسلام آباد: احمد حیات لک کو تین سال کے لیے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کا مستقل مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا اطلاق 9 جنوری 2024 سے ہوگا۔
یہ اہم اعلان او جی ڈی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے جنرل مینیجر کو ایک خط کے ذریعے کیا ہے۔
پچھلے دو سال سے احمد حیات لک بطور قائم مقام ایم ڈی اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کا او جی ڈی سی ایل کے ساتھ ایک شاندار ریکارڈ رہا ہے۔ ان کی قیادت میں کمپنی نے گزشتہ سال 208 ارب روپے کا ریکارڈ منافع اور 476 ارب روپے کی ریکارڈ سیلز ریونیو حاصل کی۔

احمد لک کا وژن کمپنی کی کارکردگی میں تنوع پیدا کرنا اور تیل و گیس کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ مارکیٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ ان کی تعیناتی سے او جی ڈی سی ایل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کمپنی کے تنوع کے منصوبے کو تقویت ملے گی۔
احمد لک نے ریکوڈک معاملے کے حل اور اس کے شیئر کی فروخت میں کلیدی کردار ادا کیا، جس سے ان کی قابلیت اور مستقبل بینی کے عکاس ہیں۔
او جی ڈی سی ایل کے ساتھ ان کی طویل وابستگی اور نمایاں خدمات انہیں کمپنی کی قیادت کے لیے ایک موزوں ترین انتخاب بناتے ہیں، جو کمپنی کو ترقی اور جدت کے نئے دور میں لے جائے گا۔

