سٹاف رپورٹ
اسلام آباد: پاور ڈویژن نے بجلی کی فراہمی میں بہتری اور صنعتوں کو قومی گرڈ پر منتقل کرنے کے لیے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) بشمول کے الیکٹرک (KE) کو کیپٹیو پاور پیدا کرنے والی صنعتوں کے ساتھ سروس لیول معاہدے (SLA) کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
پاور ڈویژن کی جانب سے 30 جنوری 2025 کو ڈسکوز کے سی ای اوز کو جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان معاہدوں کا مقصد صارفین کو ڈسکوز کے ترسیلی نظام پر انحصار بڑھانے کے لیے موزوں شرائط کی پیشکش کرنا اور صنعتوں کو مستقل، قابلِ اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا، “براہ کرم اس سروس لیول معاہدے (SLA) کو اپنی قانونی ٹیم سے منظور کروائیں اور مجاز سطح پر اس کی حتمی منظوری لیں۔ یہ معاہدہ ڈسٹری بیوشن کوڈ، گرڈ کوڈ، کنزیومر سروس مینول یا کسی دیگر رائج قوانین و ضوابط کا متبادل نہیں بلکہ اضافی اقدام ہے۔”
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق ان معاہدوں میں ایسی شقیں شامل کی جائیں گی جو صنعتی اداروں کی بجلی کی ضروریات کو پورا کریں گی اور بلا تعطل بجلی کی ترسیل کو یقینی بنائیں گی۔ اس کے علاوہ، ڈسکوز کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے تاکہ اس پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ معاہدے ابتدائی طور پر دو سال کے لیے کیے جائیں گے اور ان میں بجلی کی فراہمی سے متعلق تکنیکی مسائل کے حل کے لیے ایک جامع طریقہ کار بھی شامل ہوگا۔ مزید برآں، کسی بھی تنازع کی صورت میں فریقین کے درمیان معاملات حل کرنے کے لیے ایک تنازعات کے حل کا نظام بھی تشکیل دیا جائے گا۔
پاور ڈویژن نے تمام ڈسکوز کو ان معاہدوں سے متعلق قانونی تقاضے فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ معاہدے کسی صورت بھی گرڈ کوڈ، ٹرانسمیشن کوڈ، کنزیومر سروس مینول یا کسی دیگر موجودہ قانونی فریم ورک کا متبادل نہیں ہوں گے بلکہ اضافی ریگولیٹری فریم ورک کے طور پر نافذ کیے جائیں گے۔

