سٹاف رپورٹ
چکوال: شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ اللہ پر مکمل بھروسہ اور اسباب کی تکمیل کے بعد دعا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ نبی رحمت ﷺ نے غزوۂ بدر میں تمام تدابیر اپنانے کے بعد اللہ کے حضور دعا کی، یہی ایمان ہمیں سکھاتا ہے کہ رزق اور کامیابی صرف اللہ کی عطا ہے، انسان کا کمال نہیں۔ وہ تنظیم الاخوان کے دو روزہ ماہانہ روحانی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عبادات کے لیے فرصت تلاش نہ کریں بلکہ وقت پر انہیں ادا کریں۔ اللہ کی یاد کو فارغ وقت کا عمل نہ سمجھیں، بلکہ یہی مقصدِ حیات ہے۔ اگر انسان فرصت کا انتظار کرتا رہے گا تو عبادات کی توفیق کبھی نہیں ملے گی۔ دنیا کی حقیقت فانی ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے چھوڑ دیا جائے، بلکہ ضروریاتِ زندگی پوری کرنے کے لیے جائز اسباب اختیار کرنا ضروری ہے۔ تاہم دنیا کو ہی سب کچھ سمجھ لینا غلط ہے، بلکہ اگر دنیاوی امور کو دین کے احکامات کے مطابق انجام دیا جائے تو وہ بھی عبادات میں شمار ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمان کی بنیاد اللہ اور اس کے حبیب ﷺ کے حکم کی پیروی میں ہے۔ دین اسلام پر عمل کرنے والے سب سے زیادہ محنتی اور ذمہ دار ہوتے ہیں۔ رزق کی تقسیم اللہ کے اختیار میں ہے، اور وہ جسے چاہے بے شمار عطا فرماتا ہے۔ اللہ کی نعمتوں کا کوئی شمار ممکن نہیں، جو کچھ بھی ہمارے پاس ہے، وہ محض اللہ کی عطا ہے۔
اجتماع کے اختتام پر انہوں نے ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔

