142

پاکستان انٹرنیشنل ڈسپیوٹس ویک اینڈ 2025 کا کامیاب انعقاد، پاکستان علاقائی ثالثی مرکز کے طور پر اُبھرا

اسلام آباد میں پاکستان انٹرنیشنل ڈسپیوٹس ویک اینڈ 2025 دو روزہ اعلیٰ سطحی اجلاسوں، مکالموں اور بین الاقوامی تعاون کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ یہ اہم تقریب ثالثی اور تنازعات کے حل کے شعبے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتی ہے، جس میں دنیا کے بیس سے زائد ممالک کے قانونی ماہرین، پالیسی سازوں اور بین الاقوامی اداروں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

یہ کانفرنس 11 اور 12 اکتوبر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت بیریسٹر میاں شیراز جاوید نے کی۔ تقریب میں لندن کورٹ آف انٹرنیشنل آربیٹریشن، نمبر 5 بیریسٹرز چیمبرز (برطانیہ)، ڈسپیوٹ ریزولوشن بورڈ فاؤنڈیشن، اور سوسائٹی آف کنسٹرکشن لا سمیت دیگر معروف عالمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف، بیریسٹر عقیل ملک نے کلیدی خطاب میں اس کانفرنس کو پاکستان کے عالمی ثالثی کردار کو مستحکم کرنے میں سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانونی اصلاحات، جدید ثالثی نظام، اور ٹیکنالوجی پر مبنی تنازعات کے حل کے اقدامات ملک کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

مختلف سیشنز میں ماہرین نے سی پیک تنازعات، سرمایہ کاری ثالثی، اور قانونی اختراعات پر تفصیلی گفتگو کی، جب کہ اختراعی نمائشوں میں ٹیکنالوجی کے ذریعے تنازعات کے حل کے مستقبل پر روشنی ڈالی گئی۔

اختتامی اجلاس میں مقررین نے بین الاقوامی تعاون میں اضافے اور ثالثی کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ماہرین نے کہا کہ پاکستان قانونی اعتبار سے خطے میں ثالثی اور تنازعات کے حل کا ایک ابھرتا ہوا مرکز بن کر سامنے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں