لاہور: سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے رمضان المبارک کے دوران صارفین کی سہولت کے لیے گیس فراہمی کے اوقات کار کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی صبح 3 بجے سے رات 10:30 بجے تک گیس فراہم کرے گی تاکہ شہریوں کو سحر و افطار اور دیگر اوقات میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سوئی ناردرن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں گیس کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی علاقے میں کم پریشر یا گیس کی فراہمی میں تعطل کی شکایت ہو تو فوری طور پر سوئی ناردرن کی ہیلپ لائن 1199 پر رابطہ کریں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ ٹیمیں متحرک رہیں گی تاکہ گیس کی بلا تعطل فراہمی کو برقرار رکھا جا سکے۔
سوئی ناردرن کے مطابق گیس فراہمی کے اوقات کار کا مقصد گھریلو صارفین کو سحر و افطار کے اوقات میں سہولت فراہم کرنا ہے، کیونکہ رمضان کے دوران گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔
یہ اعلان سوئی ناردرن گیس کے میڈیا افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
85

