8

او جی ڈی سی ایل کا قادِرپور گیس فیلڈ میں کنٹرول مزید مضبوط، حصہ بڑھ کر 82.99 فیصد، حصص کی قیمت ریکارڈ سطح پر

او جی ڈی سی ایل نے پاکستان کے سب سے بڑے گیس پیدا کرنے والے فیلڈز میں سے ایک قادِرپور گیس فیلڈ میں اپنا حصہ بڑھا کر 82.99 فیصد کر لیا ہے جس کے بعد کمپنی کی توانائی کے شعبے میں پوزیشن مزید مضبوط ہوئی ہے جبکہ حصص پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔

کمپنی نے کوفپیک پاکستان بی وی (KPBV) کے ساتھ فارم اِن معاہدے کے تحت مزید 7.99 فیصد ورکنگ انٹرسٹ حاصل کیا ہے، جس کے بعد قادِرپور ڈیولپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز (ڈی اینڈ پی ایل) اور کنسیشن ایریا میں او جی ڈی سی ایل کا مجموعی حصہ 75 فیصد سے بڑھ کر 82.99 فیصد ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس معاہدے سے او جی ڈی سی ایل کی اس اہم گیس فیلڈ پر گرفت مزید مضبوط ہوئی ہے اور کمپنی کو ملک کے توانائی کے شعبے میں کلیدی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔

انڈسٹری ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت او جی ڈی سی ایل کے اپ اسٹریم پورٹ فولیو کو مضبوط بنانے اور ملکی ہائیڈرو کاربن پیداوار میں اس کے کردار کو بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان توانائی درآمدات پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس پیش رفت سے کمپنی کی آمدنی میں اضافے اور مستقبل میں فیلڈ کی پیداوار و ترقیاتی فیصلوں پر اس کے اثر و رسوخ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اسی دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں او جی ڈی سی ایل کے حصص 337.20 روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد اور کمپنی کی مضبوط کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں۔

قادِرپور گیس فیلڈ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں واقع ہے اور یہ پاکستان کے بڑے گیس پیدا کرنے والے فیلڈز میں شمار ہوتا ہے۔ یہ فیلڈ 1990 میں دریافت ہوا اور 1995 میں پیداوار شروع ہوئی۔

اس کے قابلِ وصول ذخائر کا تخمینہ تقریباً 4.2 ٹریلین کیوبک فٹ (TCF) ہے جبکہ اس کی پروسیسنگ صلاحیت وقت کے ساتھ بڑھا کر تقریباً 600 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ (MMscfd) تک پہنچائی گئی ہے۔

ماضی میں اس فیلڈ کی پیداوار 500 ملین کیوبک فٹ یومیہ سے زائد رہی، تاہم قدرتی ذخائر میں کمی کے باعث حالیہ برسوں میں پیداوار تقریباً 320 ملین کیوبک فٹ یومیہ تک آ گئی ہے۔

اس کے باوجود یہ فیلڈ پاکستان کی مجموعی گیس پیداوار کا تقریباً 7 فیصد فراہم کرتا ہے اور ملکی توانائی کے نظام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں