28

مری میں 2 کروڑ روپے کی گیس چوری بے نقاب، ایس این جی پی ایل نے ہوٹل کا غیر قانونی نیٹ ورک ختم کر دیا

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے مری میں ایک مقامی ہوٹل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کی گیس چوری پکڑ لی، جہاں مرکزی گیس لائن سے براہِ راست منسلک 40 میٹر طویل غیر قانونی پائپ لائن کا انکشاف ہوا۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے گیس چوری اور ان اکاؤنٹڈ فار گیس (یو ایف جی) میں کمی کے لیے جاری ملک گیر مہم کے دوران مری میں ایک بڑے گیس چوری نیٹ ورک کا خاتمہ کرتے ہوئے مقامی ہوٹل کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے۔

کمپنی کے ترجمان کے مطابق ایس این جی پی ایل کے اسلام آباد ریجن کی ٹیم نے 8 جولائی 2026 کو ڈپٹی کمشنر مری اور پولیس اسٹیشن کلڈنہ کے تعاون سے خفیہ اطلاع پر لوئر بازار، مری میں واقع ایک ہوٹل پر چھاپہ مارا۔

کارروائی کے دوران ہوٹل کا گیس میٹر اور ایل پی جی سلنڈر منقطع کر دیے گئے، تاہم گیس سے چلنے والے آلات معمول کے مطابق کام کرتے رہے، جس پر ٹیم نے مزید تفتیش کی۔

تحقیقات کے دوران تقریباً 40 میٹر طویل غیر قانونی پی پی آر پائپ لائن کا سراغ ملا، جو براہِ راست مال روڈ مری پر موجود ایس این جی پی ایل کی مرکزی ڈسٹری بیوشن لائن سے منسلک تھی اور اسی کے ذریعے گیس چوری کی جا رہی تھی۔

ایس این جی پی ایل کی ٹیم نے موقع پر ہی غیر قانونی پائپ لائن، فٹنگز اور والوز اکھاڑ کر اپنی تحویل میں لے لیے، گیس میٹر ضبط کر لیا اور ہوٹل کی سروس لائن کو مستقل طور پر مرکزی ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک سے منقطع کر دیا۔

کمپنی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران تمام دستاویزی، ویڈیو اور فوٹوگرافک شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں تاکہ کمپنی کی پالیسی کے مطابق قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے اور چوری کی گئی گیس کی درست مقدار کا تعین کیا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تخمینے سے معلوم ہوا ہے کہ براہِ راست غیر قانونی کنکشن کے ذریعے تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کی قدرتی گیس چوری کی گئی۔ یہ رقم ایس این جی پی ایل کے قواعد و ضوابط کے مطابق متعلقہ صارف سے وصول کی جائے گی۔

ایس این جی پی ایل کا کہنا ہے کہ گیس چوری کے خلاف ملک بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں