4

او جی ڈی سی ایل کا کینیڈین کمپنی سے معاہدہ، ہیوی آئل کی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے پاکستان کے ہیوی کروڈ آئل کے ذخائر سے پیداوار بڑھانے اور آپریشنل استعداد بہتر بنانے کے لیے کینیڈا کی کمپنی سینرجیٹک آئل ٹولز انکارپوریٹڈ کے ساتھ جدید پیسو انرجی ٹول (Passive Energy Tool) ٹیکنالوجی کے استعمال کا معاہدہ کر لیا۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب او جی ڈی سی ایل کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک بھی تقریب میں موجود تھے، جبکہ سینرجیٹک آئل ٹولز کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر برائن ہرمن نے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر او جی ڈی سی ایل، کینیڈین ہائی کمیشن اور کمپنی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت کینیڈین کمپنی او جی ڈی سی ایل کے ہیوی آئل کے کنوؤں میں پیسو انرجی ٹول ٹیکنالوجی نصب کرے گی، جس کا مقصد زیادہ گاڑھے خام تیل کے کنوؤں میں فلو ایشورنس کو بہتر بنانا، سیال کی خصوصیات کو مؤثر بنانا، ورک اوورز کی ضرورت کم کرنا، کنوؤں کی بندش کا دورانیہ گھٹانا، آپریٹنگ اخراجات میں کمی لانا اور پیداواری کیمیکلز کے استعمال کو محدود کرنا ہے، جس سے مجموعی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی و سی ای او احمد حیات لک نے کہا کہ یہ شراکت داری کمپنی کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ہیوی آئل کے ذخائر سے پیداوار بڑھانے کے لیے جدید اور عالمی معیار کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل جدید بین الاقوامی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہا ہے تاکہ پختہ اور تکنیکی طور پر پیچیدہ آئل فیلڈز سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی ٹیکنالوجی سے ورک اوورز کی ضرورت اور آپریٹنگ لاگت میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ ہیوی آئل کے کنوؤں کی پیداواری کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری ہوگی۔

پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان اور کینیڈا کے درمیان توانائی اور اہم معدنیات کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستان کی اپ اسٹریم آئل انڈسٹری کی ترقی اور ملکی تیل کی پیداوار میں اضافے میں معاون ثابت ہوگا۔

او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ جدید عالمی ٹیکنالوجی کے ذریعے آپریشنل استعداد میں بہتری، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے کمپنی کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں