اسلام آباد: ماری انرجیز لمیٹڈ نے خیبر پختونخوا کے وزیرستان بلاک میں واقع اسپن وام گیس دریافت سے یومیہ 17.5 ملین معیاری مکعب فٹ (MMscfd) قدرتی گیس کی فروخت کے لیے یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو لیٹر آف ایوارڈ جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ مسابقتی بولی کے عمل کی کامیاب تکمیل کے بعد کیا گیا۔
کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو بھیجے گئے ایک مٹیریل/پرائس سینسیٹو انکشاف میں بتایا کہ اسپن وام گیس دریافت سے گیس کی فروخت کے لیے 15 مئی 2026 کو جاری کیے گئے دعوتِ بولی (Invitation to Bid) کے بعد بولی کا عمل مکمل ہوا، جس کے نتیجے میں کامیاب بولی دہندہ یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو یومیہ 17.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی تک گیس کی فروخت کے لیے لیٹر آف ایوارڈ جاری کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق معاہدے کو حتمی شکل دینے سے قبل دونوں فریقین حکومت کی جانب سے 7 جنوری 2025 کو ایس آر او نمبر 11(I)/2025 کے تحت جاری کردہ فریم ورک فار سیل آف گیس ٹو تھرڈ پارٹیز کے مطابق تمام ریگولیٹری اور دیگر ضروری منظوریوں کا حصول یقینی بنائیں گے۔
ماری انرجیز وزیرستان بلاک کی آپریٹر ہے اور اس منصوبے میں اس کا 55 فیصد ورکنگ انٹرسٹ ہے، جبکہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے پاس 35 فیصد اور اورینٹ پیٹرولیم انکارپوریٹڈ کے پاس 10 فیصد ورکنگ انٹرسٹ موجود ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان میں قدرتی گیس کی تھرڈ پارٹی فروخت کے فریم ورک کے تحت مقامی گیس کے ذخائر کی تجارتی بنیادوں پر فروخت کے عمل کو آگے بڑھانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جس کا مقصد مقامی گیس وسائل کے بہتر استعمال اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

