اسلام آباد: گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری کے لیے 11 کمپنیوں اور کنسورشیمز نے دلچسپی ظاہر کی، جن میں سے 9 کو اہل قرار دے دیا گیا، جبکہ 3 ترک توانائی کمپنیاں بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے 259ویں اجلاس میں گیپکو کی نجکاری کے لیے 9 دلچسپی رکھنے والے فریقوں کی پری کوالیفکیشن کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے معاون برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی نے کی۔
بورڈ کو بتایا گیا کہ گیپکو کے 51 فیصد سے 100 فیصد حصص کے حصول اور انتظامی کنٹرول کے لیے مجموعی طور پر 11 ایکسپریشنز آف انٹرسٹ (EOIs) موصول ہوئی تھیں۔
منظور شدہ پری کوالیفکیشن معیار کے تحت درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد مالیاتی مشیر نے 9 فریقوں کو پری کوالیفائی کرنے اور نجکاری کے اگلے مرحلے میں لے جانے کی سفارش کی۔
پری کوالیفائی ہونے والے فریقوں میں آکتور الیکٹرک انرجی، جینوورا انرجی، سینگز انرجی، اینگرو انرجی لمیٹڈ، سیفائر فائبرز لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز کنسورشیم، شیرازی انویسٹمنٹس کنسورشیم، آرٹسٹک ملینرز کنسورشیم اور اے کے ڈی سیکیورٹیز کنسورشیم شامل ہیں۔
پری کوالیفائی ہونے والے فریقوں میں تین ترک توانائی کمپنیاں شامل ہیں، جبکہ پاکستانی کاروباری گروپس اور سرمایہ کاری کنسورشیمز کی شرکت بھی بجلی کی تقسیم کے شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
گیپکو نجکاری کے لیے دلچسپی ظاہر کرنے والے دو فریق اگلے مرحلے میں نہیں پہنچ سکے۔ کے الیکٹرک نے نجکاری کمیشن کو تحریری طور پر اپنی ایکسپریشن آف انٹرسٹ واپس لینے سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب الشریف کنٹریکٹنگ اینڈ کمرشل ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ریکویسٹ فار اسٹیٹمنٹ آف کوالیفکیشن (RSOQ) کے تحت مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کرسکی۔
پری کوالیفائی ہونے والے 9 فریق اب نجکاری کے اگلے مرحلے میں داخل ہوں گے، جہاں انہیں ورچوئل ڈیٹا روم (VDR) تک رسائی دی جائے گی تاکہ وہ گیپکو کے بارے میں تفصیلی جانچ پڑتال اور سرمایہ کاری سے قبل ضروری معلومات کا جائزہ لے سکیں۔
مجوزہ لین دین کے تحت گیپکو کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص کے حصول کے ساتھ انتظامی کنٹرول بھی منتقل کیا جائے گا، جو حکومت کے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے پروگرام میں اہم پیش رفت ہے۔
### ہوائی اڈوں کی نجکاری
نجکاری کمیشن بورڈ نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ یا رعایتی معاہدے کے لیے مذاکراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل پر بھی غور کیا۔
یہ اقدام تینوں بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے نجکاری کمیشن کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
### ایچ بی ایف سی ایل، زیڈ ٹی بی ایل نجکاری
بورڈ نے مالیاتی شعبے سے متعلق اہم نجکاری معاملات پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کو ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (HBFCL) اور زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (ZTBL) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
یہ اقدام حکومت کے وسیع تر نجکاری پروگرام کے تحت دونوں اداروں کی نجکاری میں بروقت پیش رفت یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں نجکاری پروگرام کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، جس کا مقصد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور سرکاری اداروں کی کارکردگی و خدمات کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔

