آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی)نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع ایکسپلوریٹری کنویں براگزئی ایکس-1 (سلانٹ)سے تیل و گیس کا ایک اور بڑاذخیرہ دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ دریافت سیمانہ سک اور شیناوری فارمیشنز میں حاصل ہوئی ہے۔ براگزئی ایکس-1 کنویں سے یومیہ 3,100 بیرل خام تیل اور 8.15 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس کی پیدوار حاصل ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نَشپا بلاک میں حالیہ دریافت او جی ڈی سی کی ایک ماہ کے دوران مسلسل تیسری دریافت ہے۔نئی دریافتوں سے کمپنی نے مجموعی طور پر یومیہ 9,480 بیرل خام تیل دریافت کیا، جو پاکستان کی خام تیل کی مجموعی پیداوار کا تقریباً 14.5 فیصد ہے۔
براگزئی ایکس-1 (سلانٹ) کنواں کو 30دسمبر 2024 کومختلف فارمیشنز کی ہائیڈروکاربن صلاحیت جانچنے کے لیے ایکسپلوریٹری کنویں کے طور پر کھودا گیا، جن میں لاک ہارٹ، ہنگو، لومشیوال، سیمانہ سک، شیناوری، ڈٹہ اور کنگریالی فارمیشنز شامل ہیں۔ او جی ڈی سی نے بطور آپریٹر مذکورہ کنویں کو کُل 5,170 میٹر کی گہرائی تک کنگریالی فارمیشن میں کامیابی سے کھودا۔ قبل ازیں وائرلائن لاگ کے جائزے کی بنیاد پر کنگریالی اور ڈٹہ فارمیشنز میں دو کیسٹ ہول ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کیے گئے، جن سے تیل و گیس کے ذخائر کامیابی سے حاصل ہوئے۔
کمپنی کی یہ نئی دریافت ملکی توانائی کی پیداوار اور طلب کے فرق کو مقامی وسائل کے ذریعے پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور ملک کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ کرے گی اور ساتھ ہی ملکی امپورٹ بل میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔او جی ڈی سی ملک میں تیل و گیس کے مزید ذخائر تلاش کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھتے ہوئے پاکستان کو مضبوط معیشت اور قابلِ اعتماد توانائی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔