اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر منظور احمد کے بطور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (ڈی ایم ڈی) کے ملازمت کے معاہدے کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نیوزلائٹ کے پاس دستیبا سرکاری نوٹیفیکیشن کے مطابق این ٹی ڈی سی کے بورڈ نے 31 مئی 2023 کو ہونے والے اپنے 247ویں اجلاس میں ایجنڈا کے آئٹم نمبر 06 کے خلاف متفقہ طور پر قرار داد اور منظوری دی ہے کہ منظور احمد کی بطور ڈی ایم ڈی کی سروس بغیر کسی وجہ کے، فوری طور پر ختم کر دی جائے۔ مزید برآں بورڈ نے نوٹس کی مدت کے بدلے تنخواہ کی ادائیگی کی منظوری دے دی.

ذرائع کے مطابق این ٹی ڈی سی بورڈ نے منظور احمد کو نوٹس پیریڈ کے معاوضے کے طور پر تین ماہ کی تنخواہ دی ہے جو کہ 54 لاکھ روپے یا 5.4 ملین روپے ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ توسیع شدہ نوٹس کی مدت قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں میں ایک سے دو ماہ کے معیاری عمل کے مقابلے میں غیر معمولی سمجھی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ این ٹی ڈی سی بورڈ کا منظور احمد کی ملازمت کو ختم کرنے کا فیصلہ بورڈ کی جلد تحلیل کے تناظر میں آیا ہے، جو ستمبر 2023 تک متوقع ہے۔
قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت پاور ڈویژن پر زور دیا تھا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ ے دو ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرزعلی زین اور منظور احمد کو فوری طور پر ہٹایا جائے کیونکہ ان کی تقرری مشکوک ہے۔
منظور احمد کی این ٹی ڈی سی میں 18 لاکھ روپے ماہانہ کے بھاری معاوضے پر موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نے پاور ڈویژن پر منظور اور زین بنات والا کو نہ ہٹانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

